حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ مقصود علی ڈومکی نے علامہ سہیل اکبر شیرازی، مولانا منور حسین سولنگی، مولانا سید اختر نقوی، مولانا نصر اللہ نجفی، سید کرار حیدر اور استاد ماجد علی کے ہمراہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جامعۃ الکوثر کے پرنسپل علامہ شیخ اسحاق نجفی، علامہ شیخ انور علی نجفی، علامہ احمد حسین فخرالدین اور دیگر علمائے کرام سے ملاقات کی اور ان سے صوبۂ بلوچستان اور سندھ میں تبلیغ مذہب اہل بیت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر علامہ شیخ اسحاق نجفی نے علامہ مقصود علی ڈومکی اور وفد میں شامل دیگر علمائے کرام کو جامعۃ الکوثر اور محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی دینی تعلیمی اور فلاحی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ محسن ملت نے بلاغ القرآن کے نام سے قرآن مجید کا ترجمہ اور حاشیہ لکھا جبکہ تفسیر کوثر کے علاوہ آپ درجنوں اردو عربی کتابوں کے مصنف ہیں۔

وفد نے محسنِ ملت مفسر قرآن آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کے مزارِ اقدس پر حاضری دی، اور فاتحہ خوانی کی۔ محسن ملت کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر تاثرات بک میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی ملک و ملت کے لئے گرانقدر خدمات بالخصوص دینی تعلیم کے فروغ، تفسیرِ قرآن اور حوزہ ہائے علمیہ کے قیام و استحکام کے لیے انجام دی جانے والی بے مثال خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی علمی، دینی اور فلاحی خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی اور ادارہ سازی کے حوالے سے محسن ملت کا کام ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

اس موقع پر علامہ شیخ اسحاق نجفی نے علامہ مقصود علی ڈومکی و دیگر علماء کرام کو محسن ملت مفکر اسلام آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی تیسری برسی میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔ 6 دسمبر بروز اتوار محسن ملت کی تیسری برسی کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔
وفد نے جامعہ الکوثر اور محسن ملت کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وفد کے شرکاء کی عزت افزائی پر علامہ شیخ اسحاق علی نجفی اور علامہ شیخ انور علی نجفی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔










آپ کا تبصرہ